ہیٹی کے صدر کو قتل کردیا گیا

229

ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کردیا ہے جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی کے صدر 53 سالہ جووینل موئس کو رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ان کی رہائش گاہ میں گھس کر قتل کردیا ہے۔

ہیٹی کے عبوری وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں صدر کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 7 جولائی کی رات ایک بجے کے قریب ہسپانوی زبان بولنے والا نامعلوم افراد کا ایک گروپ صدر کے گھر میں داخل ہوا۔ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، سر میں گولی لگنے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اس حملے میں خاتون اول بھی زخمی ہوئی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں عبوری وزیراعظم کلوڈ جوزف نے خود کو ملک کا سربراہ قرار دیا ہے۔ عبوری وزیراعظم نے صدر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور بربریت قرار دیا۔