اسرائیلی وزیراعظم نے نئے ایرانی صدر کو ‘جلاد’ قرار دیدیا

333

اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نےابراہیم رئیسی کے ایرانی صدر منتخب ہونے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایران میں قاتلوں کی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

نیفتالی بینیٹ نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب دنیا کے پاس آخری موقع ہے کہ وہ ایران کے ساتھ دوبارہ جوہری معاہدے سے قبل جاگ جائیں کیونکہ یہ لوگ قاتل ہیں ان لوگوں نے قتل عام کیے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے نئے ایرانی صدر کو جلاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ خامنہ ائی جن کو منتخب کرسکتے تھے ان میں انہوں نے جلاد کا انتخاب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے ایرانی صدر کے آنے کےباوجود اسرائیلی پالیسی میں تبدیلی نہیں آئے گی، ظالمانہ انداز میں لوگوں کو پھانسیاں دینے والی حکومت کے پاس تباہی پھیلانے والے ہتھیار نہیں ہونے چاہیئں۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے اعلان کے مطابق ابراہیم رئیسی نے کل ووٹوں میں سے 62فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں، جن کی تعداد 1 کروڑ 78 لاکھ بنتی ہے۔ ملک میں رجسٹرڈ کل 5کروڑ 90لاکھ ووٹروں میں سے 2کروڑ 80لاکھ نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ رئیسی کے حریف اور اعتدال پسند صدارتی امیدوار عبدالناصر ہمتی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے رئیسی کو فتح کی مبارک باد دی۔