کابل کے امریکی سفارتخانے میں کورونا پھیل گیا

151

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان میں امریکی سفارت خانے کے درجنوں افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں سفارتی مشن کی بیشتر سرگرمیوں کو روک دیا گیا ہے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ایک شخص کورونا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکا ہے، جب کہ 114 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور کئی افراد کو طبی بنیادوں پر وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ 95 فیصد کیسوں میں ایسے افراد شامل ہیں جنہیں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں ملی یا پھر وہ ویکسین کی خوراکوں کا کورس مکمل نہیں کر سکے تھے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اجتماعی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور وائرس پر کنٹرول حاصل ہونے تک پابندیاں برقرار رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ فوجی طبی تنصیبات پوری صلاحیت کے ساتھ فعال ہیں اور عارضی طور پر کورونا وارڈ قائم کر دیے گئے ہیں، تاکہ ضرورت مندوں کو آکسیجن فراہم کی جا سکے۔ سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو صرف کھانے پینے یا ورزش کرنے کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت دی گی ہے۔ افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تیزی سے بڑھی ہے، جس سے ملک میں صحت کے پہلے سے کمزور نظام پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ افغان حکام نے بدھ کے روز سے 2313 مثبت کیسوں اور 101 اموات کی نشاندہی کی تھی۔