امریکا اور یورپی یونین روابط مضبوط بنانے کیلیے کوشاں

273
برسلز: امریکا اور یورپی یونین کے سربراہ فریقین کے درمیان تعلقات سے متعلق اجلاس کررہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے صدر جوبائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات سے قبل یورپی اتحادیوں کے ساتھ تجارتی معاملات پر کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق منگل کے روز برسلز میں جوبائیڈن نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئرلائن سے ملاقات کی۔ یورپی کونسل کے دفتر میں فان ڈیئرلائن اور مشل نے بائیڈن کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر بائیڈن نے کہا کہ یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ کام کے معاملے میں پیش رفت پر مجھے انتہائی خوشی ہوئی۔ بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا کبھی بھی مکمل طور پر آپ سے علاحدہ نہیں ہوا تھا۔ یورپی یونین اور نیٹو کے مابین شاندار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے سابق صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور ان کے نظریات کے درمیان فرق پایا جاتا ہے۔ مشیل نے بھی بائیڈن سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکا برسلز اور عالمی اسٹیج پر واپس لوٹ آیا ہے۔ یہ میثاق اور دنیا بھر کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ فان ڈیئرلائن نے کہا کہ امریکا یورپی یونین تعلقات میں گزشتہ 4 سال کافی کٹھن گزرے ہیں۔ ہم نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ آج بدھ کے روز امریکی صدر جنیوا میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وہ یورپی اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنا چاہتے تھے، تاکہ روس کے خلاف متفقہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ اس سے قبل امریکی صدر نے روسی ماہرین کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی، جس میں سابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے عہدے دار شامل تھے۔