سعودی شہریوں کے بیرون ملک سفر کے لیے کورونا میڈیکل انشورنس اسکیم کی منظوری دے دی گئی۔
سعودی مرکزی بینک ساما اور کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل نے بیرون ملک سفر کرنے والے سعودی باشندوں کی سہولت کے لیے کورونا میڈیکل انشورنس اسکیم متعارف کروائی ہے۔
اس اسکیم کے تحت بیرون ملک سفر کے دوران کورونا سے متاثر ہونے پر تمام اخراجات اسکیم جاری کرنے والی کمپنی ادا کرے گی۔
پرواز منسوخ ہونے یا تاخیر کی صورت میں مسافر کے تمام اخراجات کمپنی برداشت کرے گی۔ سفر کے دوران جملہ خطرات کا تدارک بھی کمپنی کے ذمہ ہوگا۔
میڈیکل انشورنس کی بدولت شہریوں کو علاج کی بروقت سہولت میسر آئے گی اور انہیں دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔
الاقتصادیہ کے مطابق ہیلتھ انشورنس اسکیم پر 11 کمپنیاں متفق ہو گئی ہیں اور انشورنس کمپنیوں نے اسکیم کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
نئی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں سعودی فرانسی کوآپریٹو انشورنس کمپنی الیانز، العالمیہ، میڈگلف، الخلیجیہ، ولا، الراجحی، ملاذ، الاتحاد، بروج،اکسا، الصقر شامل ہیں۔