نیب نے عدالت میں اعتراف کیاشہبازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس

284

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے کہا کہ نیب نے عدالت میں اعتراف کیا شہبازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، روز وزراء الزامات لگاتے ہیں کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں، کدھر ہیں ثبوت؟، ثبوت نہیں تو آپ کے پاس موجود والیم کی کوئی حیثیت نہیں، تمام وزراء کی ایک ایک کرکے حقیقت سامنے آچکی،

مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد شہبازشریف نے آدھا عرصہ جیل میں گزارا، نیب نے کس جرم میں شہباز شریف کوجیل میں ڈالا؟، 3 سال سے الزامات لگائے جارہے ہیں، ان کی حقیقت کیا ہے؟، نیب نے اعتراف کیا کہ شہبازشریف نے کوئی کک بیک نہیں لیا، شہبازشریف کے بدترین دشمن بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، نیب نے عدالت میں اعتراف کیا شہبازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، کبھی صاف پانی تو کبھی آشیانہ کا کیس بنایا جاتا ہے، رنگ برنگے وزیر ٹی وی پر آکر ہر قسم کا الزام لگاتے ہیں، یہ وزیر بتائیں ان کا نیب سے کیا تعلق ہے؟۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں عمران خان اوران کے وزراء ثبوت لائیں، روز وزراء الزامات لگاتے ہیں کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں، کدھرہیں ثبوت؟، ثبوت نہیں تو آپ کے پاس موجود والیم کی کوئی حیثیت نہیں، آپ کے پاس 55 والیم ہوں یا 55 ہزار، اس میں کچھ ہونا بھی چاہیئے، کوئی ثبوت نہیں کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کی ہے، شہبازشریف نے 10 سال پنجاب کی خدمت کی،

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ تمام وزراء کی ایک ایک کرکے حقیقت سامنے آچکی، شہبازشریف پر الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان مسلم لیگ ن کی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں، 3 سال سے حکومت شہبازشریف اورن لیگ کی کردارکشی کررہی ہے۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ شہبازشریف نے دیانت کے ساتھ 10سال پنجاب کی خدمت کی،نیب شہبازشریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کرسکا۔