آرٹیفیشل انٹیلیجنس اولمپکس مقابلوں میں استعمال کیلیے تیار

394

پیرس: دنیا بھر میں ہر شعبے میں انقلاب لانے والی مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) اب اولمپکس مقابلوں میں اپنا کمال دکھانے کے لیے تیار ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مصنوعی ذہانت جہاں معمولات زندگی کے تمام شعبوں میں داخل ہو کر دنیا کو حیران کررہی ہے وہیں اس ٹیکنالوجی کا اب اولمپکس مقابلوں میں بھی استعمال کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے پیرس اولمپکس کے حوالے سے ’’اے آئی ایجنڈا‘‘ جاری کیا ہے، جس سے متعلق کمیٹی کے صدر تھامس بیچ کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی حامل ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ ٹولز کو پیرس اولمپکس مقابلوں میں استعمال کیا جائے گا۔

اولمپکس مقابلوں میں اے آئی کے استعمال سے متعلق بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر اولمپکس مقابلوں کی مانیٹرنگ کے علاوہ شریک کھلاڑیوں (ایتھلیٹس) کی تربیت اور براڈکاسٹنگ میں یہ ٹیکنالوجی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ اولمپکس مقابلے 26 جولائی سے شروع ہوں گے، جس میں استعمال کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کو متعلقہ شعبوں میں اپنے کمالات دکھانے کے لیے تیار کرلیا گیا ہے۔