زین قریشی کا اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے عدالت سے رجوع

168

 اسلام آ باد: شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور ممبر قومی اسمبلی زین قریشی نے اپنے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی۔

 زین قریشی نے درخواست وکیل بخاری کے ذریعے دائر کی ہے، جس میں سیکریٹری داخلہ، ایف آئی اے، کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو فریق بنایا گیا ہے۔

 درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ زین قریشی ممبر قومی اسمبلی ہیں اور کبھی کسی غیر قانونی عمل میں شریک نہیں ہوئے، سابقہ اور نگران حکومت کے دور میں غلط اور بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران مقدمات بنائے گئے جس کا مقصد لیڈرشپ کو جیلوں میں رکھنا تھا۔

 درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ زین قریشی کو ان کے اوپر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔