وزیراعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت

154

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ 

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاوس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا، اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔ 

وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی۔

فوٹو وزیراعظم ہاؤسملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، مزید طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ 

اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ 

ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔ 

یاد رہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔