سعودی عرب کو پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش

211

اسلام آباد: سعودی عرب کو پاکستان کی جانب سے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی پرائیویٹائزیشن کے معاملے میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سعودی عرب سے وزیر خزانہ کی سربراہی میں آنے والے وفد کو قومی فضائی کمپنی پی آئی اے اور ملکی ہوائی اڈوں کی نجکاری کے سلسلے میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی ہے۔

وزیراعظم میاں شہبا زشریف کی صدارت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے سعودی وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ایپکس کمیٹی کی جانب سے مہمان وفد کو ملک میں سرمایہ کاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی ہوائی اڈوں اور پی آئی اے کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کے علاوہ سعودی عرب سے آنے والے وفد کو وفاقی دارالحکومت میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلوں کی نجکاری کے معاملے میں بھی جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ فائیو اسٹار ہوٹلوں کے لیے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اور اس پر سرمایہ کاری سعودی حکومت کی ہوگی۔

اس کے علاوہ سعودی وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی پیش کش بھی کی گئی ہے۔ سعودی عرب سے آنے والے وفد کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کی تعریف کی گئی اور اسے خوش آئند قرار دیا گیا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کے فروغ کے بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم پارٹنرشپ میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔