الخدمت کی بارش و سیلاب سے متاثرہ ہزاروں افراد کیلیے امدادی سرگرمیاں

353

راولپنڈی : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے بلوچستان اور خیبرپختونخوامیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کوریسکیوکے بعدمحفوظ مقامات پرپہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت متاثرین کو تیارکھانا، صاف پانی،بستر،خیمے، ترپال اور مچھردانیاں فراہم کی گئیں، جب کہ ایمبولینس،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد متاثرین کو ریسکیوکے بعدریلیف فراہم کررہی ہے۔

چئیرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ ومرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجاز اللہ خان کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں خیبرپختونخوااور بلوچستان کی سیلابی صورتحال،نقصانات اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کاجائزہ لے کر مرکزی،ریجنل، اضلاع کی ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیموں کوالرٹ کردیاگیاہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوااور بلوچستان کے ریجنل دفاترمیں ایمرجنسی سیل قائم کردیے گئے، جہاں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظرفوری اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔

بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مکانات گرنے،لینڈسلائیڈنگ، برفباری کی وجہ سے متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے،خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اورکئی علاقے زیرآب ہیں،کئی شہر اور بستیاں سیلاب میں ڈوب چکی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارتمام متاثرہ اضلاع میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہو کر ریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔گھروں،مساجداور دیگرمقامات میں داخل ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جا رہے ہیں۔