پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری: سعودی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

210

اسلام آباد: پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے تحت 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں سعودی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 2 روزہ دورےپر پاکستان آنے والے سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کررہے ہیں۔ اعلیٰ سطحی وفد میں سعودی وزیر ماحولیات انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفضلی بھی شامل ہیں۔ مہمان وفد کا استقبال وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ایجنڈے کے تحت آنے والا سعودی وفد ریکوڈک، دیامر بھاشا ڈیم، آئل ریفائنریز کی توسیع اور مائننگ و سیاحت کے شعبوں میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ دنوں دورۂ سعودی عرب کے دوران یہ پیش رفت سامنے آئی تھی۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں دونوںممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے پر بات ہوئی تھی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی وفد پاکستانی ہم منصبوں سے دیا مر بھاشا ڈیم منصوبے ، چنیوٹ میں مائننگ منصوبے ،خبیر پختونخوا میں 2 سیاحتی زون بنانے کے منصوبوں ، ریکوڈیک کے ایک ارب ڈالر کے شیئر ز خریدنے ، تیل کی صفائی کے لیے چھوٹی آئل ریفائنریز کے منصوبوں میں توسیع ، اور خیبر پختونخوا میں مائننگ کی 2 لیزیز کے منصوبوں پر بات چیت اور معاہدے کرے گا۔