اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کروانے کیلیے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنا ہوگا، حافظ نعیم

352

     کراچی:نومنتخب  امیر جماعت اسلامی  پاکستان حافظ نعیم الرحمن  کا کہنا ہے کہ ہم نے عید الفطر اہل غزہ و فلسطین کے شہداء کے نام کی ہے، 80فیصد سے زائد غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے، اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے کیے کوئی تیار نہیں ہے۔

عید ملن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عملی اور ٹھوس اقدامات کریں، اقوام متحدہ میں قرارداد تو پاس کی گئی لیکن المیہ یہ ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کے لیے تیار نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے   کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہل غزہ و فلسطینیوں کے زخمی ہونے والوں کے لیے راستہ کھولا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  رواں سال 7 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ کراچی کے عوام نہ کچے اور نہ ہی پکے کے ڈاکوں سے محفوظ ہیں،  حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلح اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے راست اقدامات کیے جائیں۔