جماعت اسلامی کے تحت اسماعیل ہانیہ کے بیٹوں و شہدائے فلسطین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا  

324

کراچی:جماعت اسلامی کی جانب سے جمعہ کی نماز کے بعد قبلہ اوّل بیت المقدس اور انبیاء ؑ کی سرزمین فلسطین کی جدو جہد آزادی کی تحریک کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے صاحبزادوں، پوتوں اور دیگر فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ شہر بھر میں سینکڑوں مساجد میں ادا کی گئی۔

غائبانہ نماز جنازہ میں عوام کی ایک بڑی تعداد  نےشرکت کی اور غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی، اسرائیل و امریکا کی دہشت گردی، عالم اسلام کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے جامع مسجد رضوان میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کی اور شرکاء سے خطاب کیا جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جامع مسجد سلمان فارسی اورنگی ٹاؤن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی  اور رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان نے جامع مسجد جامعہ ملیہ ملیر میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کی، نارتھ کراچی میں مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے ڈاکٹر اسامہ رضی اور دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔

علاوہ ازیں شہر بھر میں ہونے والی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران اور مساجد کے خطیبوں نے کی اور مظاہروں سے امرائے اضلاع نے خطاب کیا،  اس موقع پر شرکاء نے فلسطین کے جھنڈے اُٹھائے ہوئے تھے اور اہل غزہ حماس کے مجاہدین کا مخصوص رومال بھی پہنا ہوا تھا، شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت، مغربی ممالک اور اقوام متحدہ کے دہرے معیار اور عالم اسلام کے حکمرانوں کے مجرمانہ کردار کے خلاف نعرے بھی لگائے، شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا،  اس موقع پر فلسطین فنڈ بھی جمع کیا گیا جس میں عوام نے دل کھول کر حصہ لیا۔

محمد حسین محنتی نے جامع مسجدرضوان میں غائبانہ نماز جنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ نے قبلہ اوّل کی آزادی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا ہے اور حماس کے مجاہدین امریکاکی سرپرستی میں اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی صورت میں بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔