پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر کل ہوگی

446

اسلام آباد: پاکستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آ گیا، ملک عید الفطر کل منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر کوہسار بلاک ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں رویت ہلال کی مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

دورانِ اجلاس ملک کے مختلف شہروں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ کراچی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور دیگر شہروں سے شہادتیں موصول ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جانب سے چاند نظر آنے کی تصویریں اور وڈیوز بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو موصول ہوئیں۔

بعد ازا چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کل یکم شوال المکر ہوگی اور عید الفطر منائی جائے گی۔

قبل ازیں چاند کی رویت کے لیے مرکزی اور زونل رویت کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے، جن میں ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نہ نظر آنے کی شہادتیں جمع کی گئیں۔ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات نے آج ملک میں عید الفطر کا چاند نظر آنے کے امکانات قوی ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔