ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں، عمران خان

257
the law of the jungle

راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جو کچھ مشرقی پاکستان میں ہوا تھا، آج بھی ویسا ہی ہو رہا ہے۔ مشرقی پاکستان کی طرح ہمارا مینڈیٹ کم کرکے کنٹرول کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں غلط مالیت ظاہر کرکے ہمیں سزا سنائی گئی ہے۔ ایک ملازم کو میرے خلاف وعدہ معاف بنایا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے مجھے توڑنے کے لیے توشہ خانہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کو سزا دلوائی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ فواد چودھری نے تو پریس کانفرنس بھی کی تھی، اس کے باوجود اسے وعدہ معاف گواہ بنانے کے لیے قید رکھا گیا۔ شاہ محمود قریشی اور پرویز الٰہی بھی اگر پریس کانفرنس کردیں تو ان پر بنائے گئے مقدمات ختم کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا منصوبہ تھا 24 گھنٹے پہلے ہی جوڈیشل کمپلیکس کو ٹیک اوور کر لیا گیا تھا سادہ کپڑوں میں ملبوس بہت سے لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے کیوں جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جا رہی؟