سپریم کورٹ کے مزید 5 ججز کو دھمکی آمیز خط موصول

199
priority

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے مزید پانچ ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے عدالت عظمیٰ کے مزید پانچ ججوں کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں، جس کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کو ملنے والے خطوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے مزید ججز کو ملنے والے خطوں کو اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا گیا ہے، جس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کردی ہے۔

سپریم کورٹ کے جن ججوں کو آج دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں، ان میں جسٹس عائشہ ملک، جسٹس منیب اختر، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔

عدالت عظمیٰ کے مزید ججز کو ملنے والے دھمکی آمیز خطوں کو اکٹھا کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ان خطوط میں سے آرسینک پاؤڈر برآمد ہوا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نئے موصول ہونے والے تمام خط ایک ہی تاریخ کو آئے ہیں، تاہم کچھ ججز کو یہ اب موصول ہوئے۔

دوسری جانب پوسٹ ماسٹر جنرل محکمہ ڈاک کی جانب سے نے اپنے تمام عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہائی پروفائل شخصیات کے نام پر آنے والے خطوں کی اسکروٹنی کی جائے۔