‘پاکستان انڈومنٹ فنڈ اسکالرشپس پروگرام’ کا اعلان

338

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کے طلباء کے لیے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر “پاکستان انڈومنٹ فنڈ سکالرشپ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

آج اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پرائم منسٹر نیشنل یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے بھی نیشنل یوتھ لون سکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے آئی ٹی کورسز اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

چیئرمین نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور سکل ڈویلپمنٹ ایسے شعبے ہیں جو مختصر اور وسط مدتی منصوبہ بندی کے طور پر معاشی ترقی کو تیز کر سکتے ہیں، اس لیے حکومت ان شعبوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بلین ڈالر کی صنعت سے وابستہ تقریباً 60 سے 70 لاکھ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ایک ای-گیمنگ تنظیم قائم کی جائے گی جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔

رانا مشہود نے کہا کہ بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ملک بھر میں تربیتی کیمپ اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فن اور ثقافت کے فروغ کے لیے ہر شعبے میں مقامی دستکاروں کو جدید تکنیک متعارف کر کے بااختیار بنایا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر اپنے فن کو فروغ دیا جا سکے۔

سیاحت کے بارے میں چیئرمین پرائم منسٹر نیشنل یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان کی سیاحتی صلاحیت اور اہم سیاحتی مقامات کو دکھانے کے لیے دنیا بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سیاحت کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے اور سیاحوں کے لیے مختلف شہروں میں ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔