قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

236

میں آپ لوگوں کو بھی چھوڑتا ہوں اور اْن ہستیوں کو بھی جنہیں آپ لوگ خدا کو چھوڑ کر پکارا کرتے ہیں میں تو اپنے رب ہی کو پکاروں گا، امید ہے کہ میں اپنے رب کو پکار کے نامراد نہ رہوں گا‘‘۔ پس جب وہ ان لوگوں سے اور اْن کے معبودانِ غیر اللہ سے جْدا ہو گیا تو ہم نے اْس کو اسحاقؑ اور یعقوبؑ جیسی اولاد دی اور ہر ایک کو نبی بنایا۔ اور ان کو اپنی رحمت سے نوازا اور ان کو سچی ناموری عطا کی۔ اور ذکر کرو اس کتاب میں موسیٰؑ کا وہ ایک چیدہ شخص تھا اور رسول نبی تھا۔(سورۃ مریم:48تا51)

سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو کوئی اپنے محتاج مسلمان بھائی کو کپڑے پہنائے گا اللہ تعالیٰ اسے جنت کا نرم و نازک لباس پہنائیں گے۔ جو شخص اپنے مسلمان بھائی کو بھوک کے عالم میں کھانا کھلائے گا اللہ تعالیٰ اسے جنت کے پھل کھلائے گا اور جو اپنے مسلمان کو پیاس کے وقت پانی پلانے گا اللہ تعالیٰ اسے جنت کا خوشبودار مشروب پلائے گا۔ (سنن ابو داؤد، سنن ترمذی)