مصطفی کمال اور فاروق ستار سمیت پارٹی کے دیگر امیدواروں کی کامیابی ہائیکورٹ میں چیلنج

299

کراچی: تحریک انصاف  ( پی ٹی آئی ) اور جماعت اسلامی کی طرف سے عام انتخابات میں نشستیں حاصل کرنے والے ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال اور فاروق ستار سمیت پارٹی کے دیگر امیدواروں کی کامیابی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 242سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داوا خان نے مصطفی کمال کی اور این اے 244سے آزاد امیدوار آفتاب جہانگیر نے فاروق ستار کی کامیابی چیلنج کی جبکہ  آزاد امیدوار عطا اللہ نے این اے 245کے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا ہے، یہاں بھی ایم کیو ایم کے حفیظ الدین این اے کی نشست سے کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔

 وکیل درخواست گزار کے مطابق فارم 45کے تحت داوا خان الیکشن جیت چکے تھے لیکن فارم 47میں مصطفی کمال کو جتوایا گیا، این اے 245 پر بھی فارم 45 کے مطابق  عطااللہ  نے 38ہزار ووٹ لیے ہیں، اور حفیظ الدین نے صرف 15ہزار ووٹ حاصل کیے تھے لیکن فارم 47میں نتائج تبدیل کرکے چوتھے نمبر والے امیدوار حفیظ الدین کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، استدعا ہے کہ فارم 47کو کالعدم قرار دیا جائے۔

جماعت اسلامی نے بھی صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں کے نتائج کو چیلنج کیا ہے،جنید مکاتی نے پی ایس 104سے، محمد احمد نے پی ایس 124سے، محمد اکبر نے پی ایس 123سے اور نصرت اللہ نے پی ایس 126سے ایم کیو ایم امیدواروں کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے۔