پی ٹی آئی امیدواروں نے جعلی ٹکٹ جمع کروائے، چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

316

لاہور:پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدواروں نے ان کی جماعت کے جعلی ٹکٹ جمع کروائے ہیں۔الیکشن کمیشن ایکشن لے۔

صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار  نے کہا ہے کہ ہمارے پارٹی ٹکٹس پر بالکل واضح طور پر بلے باز ا نشان ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار ریٹرننگ افسران کو ہماری پارٹی کے جعلی ٹکٹس جمع کروا رہے ہیں، جو ہم نے جاری ہی نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے یہ جعلی ٹکٹ کہاں سے کس طرح حاصل کیے؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2018ء میں جو ٹکٹس جاری کیے وہی اس بار بھی جاری کررہے ہیں جب کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکم جاری کر کے واضح کردیا کہ ہے کسی پارٹی کا رکن اور امیدوار دوسری جماعت کا پلیٹ فارم استعمال نہیں کرسکتا۔2007ء میں پی ٹی آئی (این) بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ پی ٹی آئی خود دھونس، دھاندلی، غنڈہ گردی اور پیسے کے دعوؤں پر خود عمل نہیں کرسکتی۔ اس لیے بانی اراکین اور نظریاتی لوگوں کو شامل کر کے علیحدہ جماعت بنائی۔

اختر اقبال ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کا اپنا منشور اور آئین ہے۔ ہمارا نعرہ کرپشن کی سزا موت ہے، ہمارے نعرے اور آئین میں ہی پاکستان کی بقا ہے۔ ہم نے پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت ملک بھر سے 150 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں، باقی پی ٹی آئی نے جو بھی جاری کیے یا ان کے امیدواروں نے جمع کروائے وہ سب جعلی ہیں۔