امریکا اور برطانیہ کی یمن پر جارحیت، حوثیوں پر 73 حملے

310

امریکا اور برطانیہ نے یمن پر اچانک جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 حملے کردیے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق حوثیوں  کے خلاف کارروائی کے نام پر امریکا اور برطانیہ نے یمن میں اچانک بمباری کردی، اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے گزشتہ شب تقریباً 73 حملے کیے گئے ہیں۔

ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق حوثی گروپ کے ترجمان  نے کہا ہے کہ برطانوی و امریکی دشمنوں نے غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی کی کھلی حمایت جاری رکھنے کے بعد  یمن پر بھی 73 حملے کرکے اپنی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے حملوں میں یمنی دارالحکومت صنعا کے علاوہ حدیدہ، تیز، حجہ اور سادا کے علاقوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملوں میں 5 حوثی ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔

دیگر رپورٹس  میں مزید بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی شب کیے گئے حملوں میں یمن کے مختلف شہروں میں حوثیوں کے کئی ٹھکانوں پر بمباری کی گئی۔

اُدھر امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں بین الاقوامی میری ٹائم جہاز پر حملے کے ردعمل کے طور پر اس کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ایران کی جانب سے یمن پر جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ حملے کر کے امریکا اور برطانیہ فلسطینی عوام اور غزہ کے محصور عوام کے خلاف 100دن سے زائد سے جاری صہیونی مظالم کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔