میلبرن ٹیسٹ میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے، شان مسعود

345

سڈنی: پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شا ن مسعود نے کہا ہے کہ میلبرن ٹیسٹ میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔

آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ بابراعظم سے متعلق کسی طرح کے کوئی تحفظات نہیں۔ سابق کپتان قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔ امید ہے تیسرے ٹیسٹ میں بابراعظم بڑی اننگ کھیلیں گے۔

شان مسعود نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ورک لوڈ کی وجہ سے فٹنس جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔ ہمارے اہم کھلاڑی تین برس سے تمام فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس دوران عالمی کپ بھی ہوا، ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی منعقد ہوتی رہیں، اس کے علاوہ لیگز اور پی ایس ایل بھی ہوا، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آرام کا موقع نہیں ملا۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کو آرام ملا، جس میں انہیں تیاری کرنے کی مہلت مل گئی۔آئندہ کے لیے  اہم فیصلے لیں گے۔ عامر جمال اور خرم شہزاد کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میر حمزہ بھی واپس آئے ہیں۔ اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی ڈومیسٹک کارکردگی دکھانے والوں کو موقع دینا ہوگا، جس سے اہم کھلاڑیوں کو آرام ملے گا۔