ڈیوڈ وارنر کا ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

401

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

 ڈیوڈ وارنر نے پریس کانفرنس میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں، ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا میرا فیصلہ اچھا ہے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود اگر ٹیم کو ضرورت پڑی تو چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوسکتا ہوں، اگر آسٹریلوی ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کر سکتی ہے۔

ڈیوڈ وارنر کے ون ڈے کیریئر پر نظر ڈالیں تو 2009 میں جنوبی افریقا کے خلاف ڈیبیو کرنے والے  وارنر نے 161 ایک روزہ میچز میں 45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنائے جس میں 33 نصف سنچریوں اور 22 سنچریاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے 179 رنز کی بڑی اننگز بھی کھیل رکھی ہے

آسٹریلوی کرکٹر نے گزشتہ سال نومبر میں بھارت کے خلاف آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آخری بار ون ڈے فارمیٹ میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور انہوں نے  آئی سی سی ورلڈکپ کی جیت کو اپنے ون ڈے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا اور وہ سڈنی میں 3 جنوری کو پاکستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔