جس نے بھی پریس کانفرنس کی وہ پہلے ہماری پالیسی میں آئینگے، بیرسٹر گوہر

172

راولپنڈی:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جس نے بھی پریس کانفرنس کی وہ پہلے ہماری پالیسی میں آئیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ تمام اقدار کو بھول چکا ہے، کس طرح ممکن ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں۔ الیکشن کمیشن سے کوئی بھی مطمئن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کو سائفر کیس کے حوالے سے ہائی کورٹ سے ملنے والے حکم امتناع سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے، وہ آج بھی اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اورآخری بال تک لڑیں گے۔ہماری جدوجہد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات  اور جمہوریت سے جس طرح لوگوں کو باہر رکھا جا رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ عدالت انصاف کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے اقدام کرے گی۔ نواز شریف جس منصوبے کے تحت آئے، وہ تو کسی کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دے رہا۔ لوگوں کو کاغذات نامزدگی کے حوالے سے شکایات اور مشکلات کا سامنا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سابق چیئرمین عمران خان انتخابات میں حصہ لیں۔ جن لوگوں اور ان کے خاندان پر مشکل وقت آیا، جنہوں نے پریس کانفرنس کی، وہ پہلے ہماری پالیسی میں آئیں گے۔ امیدواروں کے ٹکٹ چند روز میں حتمی شکل میں آ جائیں گے۔ ہمارے تمام امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔