دنیا میں کامیابی کیلیے خود کفالت ناگزیر ہے، صدر مملکت

299
institutions

کراچی:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا میں کامیابی کے لیے خود کفالت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان ترقی کرے گا کیونکہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں۔

بحریہ آڈیٹوریم میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (پی این ای سی)کے 35ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، کانووکیشن کے دوران غیر ملکی طلبا سمیت مجموعی طور پر 368گریجویٹس کو بیچلرز اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں دی گئیں۔

صدر مملکت نے طلبا کو ان کی شاندار کارکردگی پر 39میڈلز سے بھی نوازا۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی صنعت کو معیاری انجینئرز فراہم کر نے اور تعلیم کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پی این ای سی کی کوششوں کو سراہا۔

عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے تناظر میں پی این ای سی کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے، نسٹ پی این ای سی ملک کی موجودہ انجینئرنگ کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا ادارہ ہونے کا اعزاز برقرار رکھے گا۔