غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی میں 95 صحافی جاں بحق ہوئے

331

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ پر اسرائیلی دہشت گردی کے دوران اب تک 95 صحافی جاں بحق ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر حملوں اور غزہ پر مسلسل بمباری میں اب تک 95 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

صحافی حنین القطشان کی اسرائیلی بمباری میں ہلاکت کے بعد جاں بحق صحافیوں کی تعداد95 ہو گئی۔ اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں نوصیرات کیمپ میں صحافی حنین القطشان  کے گھر کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا تھا۔

دریں اثنا غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں اسرائیلی بمباری سے صحافی عاصم موسیٰ بھی جاں بحق ہو گئے۔

ایک ہفتہ قبل  ہی انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس  کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں غزہ جنگ میں صحافیوں کی ہلاکتوں کے بارے میں تفصیلات بتائی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں اور مسلسل بمباری کے دوران غزہ میں ہر روز ایک سے زیادہ صحافی جاں بحق ہوئے۔