پی ٹی آئی اور 14 جماعتوں پر مشتمل پی پی کے حکمرانوں  نے عوام کی حالت نہیں بدلی، سراج الحق

454
elections held in fake

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں لاڈلوں اور سپر لاڈلوں کے درمیان نہیں بلکہ مظلوم اور ظالم کے درمیان مقابلہ ہو گا،ملک میں نظام نہیں بدلتا، لاڈلے تبدیل ہوتے رہتے ہیں، گزشتہ 10برس عوام کے لیے مشکل ترین تھے۔

منصورہ میں سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ جے آئی یوتھ 8دسمبر تا 8فروری 63روزہ ملک گیر مہم کا آغاز کر رہی ہے جس کے دوران ووٹ کے ذریعے حقیقی انقلاب کی بنیاد رکھی جائے گی، تحریک کا آغاز تمام ضلعی ہیڈکوارٹر سے ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   ہر پولنگ سٹیشن کی سطح پر 10نوجوانوں پر مشتمل بنیادی جے آئی یوتھ یونٹ قائم کیا جائے گا تاکہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کا راستہ روکا جا سکے، الیکشن تک جماعت اسلامی کے مزید ایک کروڑ ووٹرز بنائے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 50فیصدٹکٹس نوجوانوں کے پاس ہیں، آیندہ انتخابات میں کسی پارٹی سے نہیں، عوام سے اتحاد ہو گا۔ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا الیکشن کمیشن کے حلف کا تقاضا ہے، انتخابات سے قبل انھیں متنازع نہ بنایا جائے۔

امیر جماعت نے کہا کہ اس عرصہ میں ن لیگ، پی ٹی آئی اور 14جماعتوں پر مشتمل پی پی اور پی ڈی ایم کے اتحاد کی صورت میں حکومتیں قائم رہیں، دعوے کیے گئے، مگر عوام کی حالت نہیں بدلی، نگران حکومت بھی سابقین کی پالیسیوں پر کاربند ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  گیس کی قیمتوں میں 11سو فیصد ، بجلی کے ٹیرف میں دو سو فیصد، ادویات کی قیمتوں میں پانچ سو فیصد اضافہ ہوا، چینی، آٹا، گھی اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں، پونے تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے اسکولوں سے باہر ہیں، حکمران جماعتوں کے نعرے، جھنڈے الگ، پالیسیوں میں یکسانیت ہے۔