اسموگ کے تدارک کیلئے تعلیمی ادارے 18 نومبر تک بند رکھنے کا حکم

439

لاہور: ہائی کورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے صوبائی دارالحکومت کے تمام اسکولوں اور کالجز کو 18 نومبر تک بند رکھنے کا حکم دینے کے ساتھ دفاتر میں ہفتے میں 2 روز گھر سے کام کرنے کی پالیسی اپنانے کی تجویز دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت عالیہ کے جج جسٹس شاہد کریم نے لاہور میں ماحولیات، اسموگ کے تدارک اور آبی آلودگی کے مسائل پر طویل عرصے سے زیر التوا مفاد عامہ کی متفرق درخواستوں پر سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ کمشنر لاہور یہاں آکر بڑی باتیں کرتے ہیں مگر کام کچھ نہیں کیا، کمشنر لاہور اسموگ کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں، ایک نوٹی فکیشن کے ذریعے سب کچھ بند کردیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو فصلوں کی باقیات جلانے کی ویڈیوز آرہی ہیں وہ افسوس ناک ہے، جھنگ، حافظ آباد، خانیوال، ننکانہ، بہاولنگر اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری تبدیل کیا جائے، چیف سیکریٹری پنجاب ان افسران کو تبدیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کریں۔