آفیشل سیکرٹ ایکٹ: سائفرکیس کی سماعت کل ہوگی

231

راولپنڈی: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج سائفر کیس کی سماعت کل منگل کے روز ہوگی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف استغاثہ کے گواہوں کے بیان ریکارڈ ہوں گے۔ عدالت نے اس حوالے سے کل ایف آئی اے کے 6 گواہان  کو طلب کر رکھا ہے۔

سائفر کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل میں قائم  خصوصی عدالت میں کریں گے۔ اس موقع پر وکلائے صفائی  استغاثہ  کے گواہوں پر جرح کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے واٹس ایپ کال پر گفتگو سے متعلق درخواست کی بھی عدالت  سماعت کرے گی جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ملزمان کے اہل خانہ کے 5، 5 افراد  بھی عدالتی کارروائی دیکھیں گے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ،علیمہ خان، عظمیٰ خان اور بھانجا  کارروائی  سنیں گے جب کہ  ملزم شاہ محمود قریشی کی دونوں بیٹیاں اہلیہ اور بیٹا بھی سماعت سنیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو بھی نئی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جیل کمیونٹی ہال کو باقاعدہ عدالت ڈکلیئر کر دیا گیا ہے ۔ سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔