روڑے نہ اٹکائے جائیں، کل ہر صورت غزہ مارچ ہوگا، سراج الحق

698
Gaza march

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارے راستے میں روڑے نہ اٹکائے جائیں کل ہر صورت غزہ مارچ ہوگا۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نےغزہ پر زمینی حملے شروع کر دیئے ہیں، مسجد اقصیٰ کوعبادت کے لئے بند کردیا گیا ہے، غزہ اس وقت ایک تنور بن گیا ہے، غزہ میں انٹرنیٹ سروس بھی بند ہوگئی ہے، غزہ بیس دن سے بارود کی آگ میں جل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پولیس کیساتھ تصادم، جماعت اسلامی کےمتعدد رہنمااورکارکنان گرفتار

سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ میں7 ہسپتال تباہ، اسکولوں پرحملےجاری ہیں، عالم اسلام سمیت پوری دنیا تماشا دیکھ رہی ہے، فلسطینیوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، اتوار کو اسلام آباد میں دو بجےغزہ مارچ کریں گے، اس حوالے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ صورتحال سے آگاہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ فرانس، شکاگو، لندن سمیت ہر جگہ احتجاج ہورہے ہیں، انتظامیہ کو امریکی سفارت خانے کا نام لینے پرتکلیف ہوئی، امریکا کھلم کھلا اسرائیل کوتھپکی دے رہا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اعتراف کیا فلسطینی آزادی کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگ بارود کے شعلوں میں کھڑے ہیں، ہم نہیں چاہتے زندگی میں ایک اور سقوط ثمرقند دیکھیں، ہرحالت میں غزہ مارچ ہوگا، ہم ڈرنے والے نہیں، اسلام آباد کے امیر کو گرفتار کیا گیا ہے، غزہ کے لوگ لاوارث نہیں ہیں، ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان غزہ مارچ میں کروں گا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے شیلنگ، لاٹھی چارج کرکے دنیا میں بدنامی کرائی، امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج ہوگا، ہماری مٹی اور سڑکیں ہماری ہیں، اسلام آباد کے امیر رندھاوا سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا انتظامیہ سے بات ہوئی، انتظامیہ معائنہ کرنے آئی اور اچانک گرفتاریاں شروع کردیں، ہم کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ نہیں کرتے۔