اے این پی نے نئی حلقہ بندیاں مسترد کردیں، عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

629

پشاور: اے این پی نے نئی حلقہ بندیاں مسترد کرتے ہوئے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبے کی آبادی کو دانستہ طور پر کم دکھایا گیا ہے، جسے کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں میں بلاوجہ تبدیلیوں کی وجہ سے پورا سیاسی عمل منفی طور پر متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کا کہ آبادی کے لحاظ سے صوبے میں قومی اسمبلی کی 6 سیٹیں کم ہو گئی ہیں، جو کہ زیادتی اور صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پختونخوا کے لاکھوں باشندے دہشت گردی اور دیگر مسائل کی وجہ سے دوسرے صوبوں میں مقیم ہیں،  انہیں نظرانداز کیا گیا ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک طرف قدرتی وسائل پر اختیار نہیں تو دوسری جانب پختونخوا پر بین الاقوامی تجارت بھی بند کر دی گئی ہے۔ پختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال اور مالدار ترین صوبہ ہے لیکن ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہت جلد رابطہ کرکے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔