ملک میں نظام مصطفی کی جدوجہد کو تیز کی جائے، محمد حسین محنتی

425

کراچی:امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ محبت مصطفی اور اطاعت رسول ہمارے ایمان کی اساس اور ہر مسلمان کا سرمایہ حیات ہے، مہنگائی، بے یقینی، بے سکونی اور بیرونی جارحیت سمیت ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کا نفاذ ہے۔

ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی اور سیرت النبی کے پروگرامات کا انعقاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ عشق مصطفی کا تقاضہ ہے کہ ملک میں نظام مصطفی کی جدوجہد کو تیز کیا جائے، جماعت اسلامی کے تحت کراچی تا کشمور سندھ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی اور سیرت النبی کے پروگرامات کا انعقاد کرکے پیغام مصطفی کو عام کیا جائے گا ۔

صوبائی امیر کا مزیدکہنا تھا کہ پیغام مصطفی کو عام کرنے کے سلسلے میں ایک روزہ، 3 روزہ اور 6 روزہ سیرت کانفرنس کے علاوہ شعبہ اطفال کے تحت اسکول کے بچوں میں سیرت پر کوئز، قرات اورحمد مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اور آخر میں کل سندھ بنیاد پر مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ آپ کی سیرت کو اسی طرح پڑھا اور سنایا جائے کہ جس سے ہماری زندگی میں سنتوں پر عمل آسان ہوجائے۔

 دریں اثنا ءسندھ بھر میں سیرت النبی کے حوالے سے منعقدہ پروگرامات سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امراءلیاقت بلوچ، اسداللہ بھٹو، راشدنسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صوبائی امیرمحمد حسین محنتی، نائب امراء پروفیسر الدین میمن، ممتازحسین سہتو، حافظ نصراللہ چنا ودیگر رہنما خطاب کریں گے۔