آسٹریلیا میں شدید گرمی، نیا ریکارڈ بننے کا امکان

1276

کینبرا: آسٹریلیا میں گرم موسم  نے مزید شدت اختیار کرلی ہے، جس کے نتیجے میں گرمی کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی سمیت جنوبی مشرقی حصے میں گزشتہ 2 روز سے گرمی کی لہر جاری تھی جس میں آج مزید شدت آ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے باعث آسٹریلیا میں گرمی کے نئے ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔ ستمبر کے اوسط درجہ حرارت سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی توقع ہے۔ پیر کو درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جب کہ جمعرات تک اس میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک بدریج کمی آسکتی ہے۔

گزشتہ ویک اینڈ سے شروع ہونے والی گرمی کی لہر ممکنہ طور پر جنوبی آسٹریلیا، وکٹوریہ، نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستوں میں بدھ تک جاری رہے گی۔

خبر ایجنسی کے مطابق شدید گرمی کی لہر کے باعث مزید 26 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری بنیاد پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً 40 افراد پہلے ہی زیر علاج ہیں۔ ہیٹ ویو سے آسٹریلیا کے کئی علاقوں میں آگ لگنے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔