پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد کرائیوں میں بھی اضافہ، شہری پریشان

509

کراچی: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائیوں میں بھی من مانہ اضافہ ہوگیا ہے، بس ، چنگچی  اور رکشوں کے مالکان نے کرائیوں میں اضافہ کیا ہے، جس کی وجہ سے شہری پریشان ہوگئے ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق شہر قائد میں شہری ایک اسٹاپ کے 20روپے ادا کرتے تھے اب 30 روپے ادا کرنے لگے ہیں، اسی طرح نارم بسوں کا کرایہ 70 سے 90 روپے ہوگیا ہے، رکشہ ڈرائیورز پہلے ہی اپنی مرضی کے مالک تھے اب مزید کرائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

ایسے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ریڈ بس سے فائدہ تو ہے لیکن ایک بس تقریبا آدھے گھنٹے بعد آتی ہے، وہ بھی اتنی بھری ہوئی ہوتی ہے کہ پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں ہوتی ، بڑی مشکل سے جگہ ملتی ہے، ایسے میں مسافر لوکل ٹرانسپورٹ کا استعمال کرنے پر مجبور ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کے بعد ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے، پہلے بسوں میں نوکری پر آنے جانے میں ہی مہینہ کے 4 سے 5ہزار روپے خرچ ہوتے تھےلیکن اب 7 سے آٹھ ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں ، کئی کئی گاڑیاں تبدیل کرکے نوکری پر پہنچتے ہیں۔

مسافروں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول سمیت دیگر اشیاء کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی  کی جائے تاکہ کرائے بھی کم ہوں، دو وقت کی روٹی کے لیے پورے دن محنت کرنی پڑتی تب کہیں جاکر ایک وقت کی روٹی  کے لیے پیسے جمع ہوتے ہیں ، جس سے گھر کا چولہا جلتا ہے۔