جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز نام کرلی

397

کراچی: جنوبی افریقا ویمن کرکٹ ٹیم نے دوسرا ون ڈے ویمن انٹرنیشنل میچ 6 وکٹوں سے جیت کر سیریز اپنے نام کرتے ہوئے 0-2 کی سبقت حاصل کر لی، تیسرا اور آخری میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

سیریز آئی سی سی رینکنگ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں جنوبی افریقا نے 169 رنز کا ہدف4  وکٹیں  گنوا کر34اوورز میں حاصل کر لیا۔ ٹیزمین برٹس  نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں  کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 45 رنز کی اننگز میں7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

لورا گوڈال نے5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز جوڑے۔کپتان لورا نے 13 رنز بنائے۔ پہلے میچ میں سینچری اسکور کرنے والی سن لوس 10 رنز کی مہمان رہیں،میری زین کیپ 29 اور ناڈین ڈی کلرک 24 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔ سعدیہ اقبال نے 2 جب کہ ندا ڈار اور ام ہانی نے1،1 وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان ویمنز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.2 اوورز میں 168 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فاطمہ ثنا نے ٹیم میں اپنی شمولیت  درست ثابت کرتے ہوئے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچاتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔

آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 53 رنز بنائے جن میں 3چوکے بھی شامل تھے۔ سدررا امین 12 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔8 کھلاڑی دہائی کا ہندسہ عبور نہ کر سکیں۔ سدررا نواز 7، کپتان ندا ڈار 5 بسمہ معروف اور منیبہ علی 4،4،ام ہانی اور نشرہ سندھو 1،1 رنز بنا پائیں جب کہ صدف شمس اور سعدیہ اقبال صفر کی خفت کا شکار ہوئیں۔

میری زین کیپ نے3،  ناڈین ڈی کلرک نے اور ملابہ نے2،2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا،میریزین کیپ پلیئر آف دی میچ رہیں۔