محمد حبیب شہید کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو احتجاج کیا جائے گا، حافظ نعیم کا الٹی میٹم

368

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ رات سرجانی ٹاؤن میں سابقہ حکومت کی سرپرستی میں کنڈا مافیا کے ہاتھوں شہید ہونے والے یونین کونسل 5منگھوپیر جماعت اسلامی کے کونسلرمحمد حبیب شہیدکی نماز جنازہ ہر ی مسجد کے سامنے سرجانی ٹاؤن میں پڑھائی گئی۔

رحمانیہ موڑ نارتھ کراچی یوسی 3کے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی، جنازے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف اورقاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے لگائے، اس موقع پر کافی جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جنازے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد حبیب شہید کے قاتلوں کو 48گھنٹوں میں گرفتار نہ کیا تو ہم شہر بھر میں احتجاج کریں گے اوراحتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے، محمد حبیب شہید کا خون حکومت اورپوری انتظامیہ کی کارکردگی کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  نگراں وزیر اعلیٰ سندھ،آئی جی،ڈی جی رینجرز قاتلوں کو گرفتار ی میں اپنا کردارادا کریں، کنڈا مافیا کو لگام نہ دی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کنڈا مافیا سمیت دیگرمافیاؤں کی جانب سے عوام کے منتخب نمائندوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔محمد حبیب شہید کے الیکٹرک اور کنڈہ مافیا کے خلاف عوام کی مشکلات حل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔انہیں اس جرم کی پاداش میں سابقہ حکومت سے تعلق رکھنے والے کنڈا مافیانے بے دردری سے شہید کردیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ  کے الیکٹرک اورکنڈا مافیا کو تمام حکومتی جماعتوں کی سرپرستی حاصل ہے اوریہ جانتے ہیں کہ ان کی سرپرستی کرنے والے موجود ہیں۔ہمیں صرف یقین دہانیاں نہیں چاہیے ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے پھانسی سزادی جائے۔