سرجانی ٹاؤن : فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر شہید، 2 افراد زخمی

371
businessman

کراچی: سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر فور سی فیضان عاشقان رسول مسجد کے قریب کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق جبکہ گولی لگنے اور تشدد سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ، اس حوالے سے ایس ایچ او سرجانی امین سولنگی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 60 سالہ حبیب کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 42 سالہ عدنان اظہار کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ، انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھروں میں بجلی کے کنڈوں کی مد میں وصول کی جانے والی رقم کے تنازعہ پر پیش آیا ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں موجود علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فائرنگ کنڈا مافیا کے کارندوں نے کی جانب سے کی گئی تھی علاقہ مکینوں ںے جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے علاقائی عہدیداروں سے کہا تھا کہ وہ ہمارے گھروں میں بجلی کے میٹروں کا بندوبست کرانے میں مدد کریں اور ہم ان سے بات چیت کر رہے تھے کہ کنڈا مافیا کے کارندے وہاں پہنچ گئے۔

انھوں نے کہا کہ کنڈے کی رقم ہم وصول کرینگے جس پر ان سے کہا کہ ہم کنڈے کی رقم نہیں دینگے ہم قانونی طریقے بجلی کا حصول چاہتے ہیں جس پر موٹر سائیکلوں پر آئے ہوئے کنڈا مافیا کے کارندوں ںے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کونسلر حبیب سینے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کو انھوں ںے ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی بھی کیا واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی اور علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا ۔