بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن شروع،فوری مقدمہ اور گرفتاری کاحکم

331

راولپنڈی:حکومت نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، حکام نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کو سخت ہدایات جاری کردیں گئی ہیں۔

اس سلسلے میں سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ڈویژنل ایس پیز، سب ڈویژنل پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن)نے بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے حکمت عملی طے کرلی ہے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف حکمت عملی پر عملدرآمد  کرتے ہوئے جیسے ہی چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے استغاثہ یا درخواست ملے فوراً مقدمہ درج کیا جائے۔

بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے۔کسی بھی تھانے میں بجلی چوروں کے خلاف کوئی ایف آئی آر پینڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

کریک ڈاؤن کے سلسلے میں جاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہونے پر ملزمان کی گرفتاری جلد از جلد کی جائے۔بجلی چوری کے مقدمات کی تفتیش کو یکسو کرکے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔

بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ایکشنز کی تفصیلات روزانہ شب 11 بجے سی پی او کنڑول روم کو ارسال کی جائیں۔ تمام ریکارڈ پنجاب پولیس کے آن لائن پول کام سسٹم پر بھی اپ لوڈ کیا جائے۔