اگر پُر امن ہڑتال روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی، حافظ نعیم

462

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ارباب ِ اختیار سن لیں، ہم ملک میں انارکی نہیں چاہتے لیکن اگر پُر امن ہڑتال کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  جماعت اسلامی کی ہڑتال ماضی کی طرح جلاؤ گھیراؤ اور انسانوں کے قتل کی ہڑتال نہیں ہوگی، ایم کیو ایم نے کراچی میں مسائل کے حل اور کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے کبھی کوئی ہڑتال نہیں کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  عوام کے مسائل حل نہ ہوئے اور کراچی کے عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق نہ ملا تو اگلہ مرحلہ گورنر ہاؤس پر دھرنا ہو گا، بجلی کے ظالمانہ بلوں، پیٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنا دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ   ملک بھر میں لوگ سراپا احتجاج ہیں اور جگہ جگہ مظاہرے کر رہے ہیں، بجلی کے بل جلا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں، جن لوگوں نے ائی ایم ایف سے قرضے لیے ہیں ان کو پکڑا جائے، عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ دو سال قبل بجلی کا یونٹ 12روپے تھا جو آج 50روپے فی یونٹ ہوگیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخی کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 300روپے سے زائد ہو گئی ہے۔ حکمرانوں نے ملک اور قوم کی آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملکی کرنسی دن بدن تنزلی کا شکار ہے، اس سنگین معاشی صورتحال اور بد حالی کی ذمہ داری نواز لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی سمیت تمام حکمران پارٹیوں اور حکومتوں پر عائد ہو تی ہے۔