انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، وزارت قانون کا جوابی خط

235

اسلام آباد:ملک بھر میں عام انتخابات کی تاریخ پر وزارت قانون وانصاف نے صدر مملکت کو رائے پر مبنی جوابی خط میں کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

وزارت قانون و انصاف نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔وزارت قانون و انصاف نے خط میں واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، اسمبلیاں وزیراعظم کی سفارش پر تحلیل ہوئیں اس لئے الیکشن کمیشن کے پاس ہی اختیار ہے۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ اگر صدر مملکت آرٹیکل 58 کے تحت ازخود اسمبلیاں تحلیل کرتے تو پھر تاریخ دیتے، نئے انتخابی قانون کے تحت الیکشن کمیشن کو تاریخ دینے کا اختیار ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول پر مشاورت سے انکار کے بعد ایوانِ صدر نے وزارت قانون سے رائے مانگی تھی، جس پر وزارت قانون وانصاف نے صدر کو رائے پر مبنی جوابی خط ارسال کردیا ہے۔