سانحہ جڑانوالہ: تحقیقات کیلیے 10 جے آئی ٹیز تشکیل

281
Jaranwala

لاہور: سانحہ جڑانوالہ کے دوران جلاؤ گھیراؤ کی تحقیقات کے لیے 10 جے آئی ٹیز تشکیل دے دی گئیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق جے آئی ٹیز الگ الگ مقدمات کی تحقیقات کریں گی۔ سانحہ جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔ جے آئی ٹیز میں سی ٹی ڈی،پولیس اور سی آئی اے پولیس کے افسران شامل کیے گئے ہیں۔

سانحہ جڑانوالہ کے مقدمات تھانہ سٹی جڑانوالہ،صدر جڑانوالہ سمیت مختلف تھانوں میں درج ہیں۔

واضح رہے کہ جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ کے معاملے میں توہین مذہب اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مزید 11 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔مقدمات میں ایک ہزار سے زائد ملزمان شامل ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمات میں توڑپھوڑ،جلاؤ گھیراؤ ،کارسرکارمیں مزاحمت کی دفعات شامل ہیں۔ اب تک کل مقدمات کی تعداد21 ہوگئی ہے جب کہ مقدمات میں نامزد 150 سے زائد ملزمان گرفتارہوچکے ہیں۔