پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، پروفیسر ابراہیم

227

پشاور: امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ کام چلا سرکار نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کے ہوش اڑا دیے ہیں۔ کام چلا حکومت بھی پی ڈی ایم حکومت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح پشاور، مردان، دیر بالا، چترال، ایبٹ آباد، چارسدہ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے اضلاع میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

پروفیسر محمد ابراہیم نے کہاکہ  پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بدترین طوفان آئے گا، عوام بدترین مہنگائی پر پی ڈی ایم کو رو رہے تھے، اب نگران حکومت نے بھی ان کے مسائل بڑھا دیے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صرف چہرے بدل رہے ہیں نظام اور پالیسیاں وہی ظالمانہ ہیں۔ اپنی عیاشیوں کے لیے آئی ایم ایف سے سود پر قرضے لیکر سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کرتے، قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی ترجمان ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، عوام بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کریں۔ انتخابات میں آئی ایم ایف کے غلاموں اور حقوق سلب کرنے والوں کو شکست دیں۔ جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرے گی۔