کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کیا جا رہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

339
Foreign Office

کراچی (سید وزیر علی قادری):دفتر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی ،ٹیم کی سکیورٹی  بارے  تحفظات سے آئی سی سی  اور بھارتی حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ 

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو پریس بریفنگ میں کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ہمارا حصہ لینے کا فیصلہ پاکستان کے مستقل موقف کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے نہیں ملایا جا سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تعمیری اور ذمہ دارانہ انداز بھارت سے متصادم ہے جس نے بار بار اپنی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ کے لئے پاکستان بھیجنے یا پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کرکے کھیلوں کی سیاست کی ہے۔

ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ بھارت کے دورہ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو مطلوبہ شائستگی ، مکمل حفاظت اور تحفظ ملے گا، پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں ہمارے گہرے تحفظات سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔