عالمی اسنوکر چیمپئن احسن رمضان پولیس حراست میں، حوالات کی تصویر منظر عام پر آگئی

522

لاہور: عالمی اور ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان کو لاہورپولیس نے  مبینہ طور پر حراست میں لے کر حوالات میں  بند کردیا۔

اسنوکر چیمپئن احسن رمضان ٹاؤن شپ کے علاقے میں اسنوکر اکیڈمی میں آئندہ ایونٹس کی ٹریننگ کے لیے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ موجود تھے، جس پر گرین ٹاؤن تھانے کی پولیس نے رات گئے تک اسنوکر کلب کھلا رکھنے کی وجہ سے چھاپا مارا اور مبینہ طور پر احسن رمضان کو تھانے ساتھ لے جانے کا کہا۔ احسن رمضان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ میں ورلڈ چیمپئن ہوں تو وہ کہتے کہ ہمارے اوپر کون سا احسان کیا ہے، بند کرو اور غلیظ گالیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے کوشش کی اور کامیاب بھی ہوا لیکن مجھے کیا پتا تھا میرے ملک میں ہی مجھے ذلیل و رسوا کیا جائے گا۔ بعد ازاں ان کے قریبی دوست کے تھانے پہنچنے پرانہیں حوالات سے نکالا گیا۔

عالمی اور ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان واقعے کی روداد سناتے ہوئے رو پڑے۔ احسن رمضان نے وزیر اعظم شہباز شریف  اور آئی جی پولیس پنجاب سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور نے اس معاملے پر ایس پی صدر کو انکوائری کا حکم دے کر 24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سی سی پی او نے احسن رمضان سے بدسلوکی کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ذمے دار اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔