باجوڑ واقعہ:علمامشائخ کونسل کا ملک بھر میں امن کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ

235

اسلام آباد: علمامشائخ کونسل  نے باجوڑ واقعے کی  مذمت کرتے ہوئے  رواں ماہ  ملک بھر میں امن کنونشنزمنعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کونسل کی جانب سے  جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بے گناہ کو قتل کرنا اور سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنا جرم ہے۔ ایسے عناصر کے سامنے سرنڈر نہیں کریں گے۔ ریاست ان عناصر کے خلاف کارروائی کا حق رکھتی ہے۔ایسے عناصر یا کسی دشمن کے خلاف جنگ کرنا ریاست کا کام ہے۔

بدھ کے روز علمامشائخ کونسل کی جانب سے جاری کردہ  اعلامیہ میں مزید کہا گیا  ہے کہ رواں ماہ کے دوران ملک بھر میں امن کنونشن منعقد کریں گے،علمامشائخ کونسل باجوڑ واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے،تمام علما متفق ہیں کہ قتل و غارت کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دنیا بھر کے علمائے کرام متفق ہیں کہ خود کش حملے حرام ہیں،ہم اسلام اور شریعت کے نام پر حملوں کو مسترد کرتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہم ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم اس خطے اور افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔