پی آئی اے کو ایک سال میں 19ارب روپے کا نقصان ہوا

197

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے ) کو ایک سال میں شیڈول فلائیٹ منسوخ کرنے کی وجہ سے 19ارب روپے کا نقصان ہوا ہے 4ہزار 305ملکی و غیر ملکی فلائیٹ منسوخ کی گئیں۔

 سرکاری دستاویزات کے مطابق آڈٹ کرنے پر انکشاف ہوا کہ سال 2021میں 1سال کے دوران پروازیں منسوخ ہونے سے پی آئی اے کو19ارب نقصان ہوا۔پی آئی اے کو یہ نقصان چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے ہوا۔

فلائیٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے2021 کے آڈٹ کے دوران دیکھا گیا کہ پی آئی اے کی ملکی و غیر ملکی شیڈول پروازیں 23ہزار 636تھیں۔23 ہزار 636 میں سے 4 ہزار 305 پروازیں منسوخ ہوئیں،جو کہ کل شیڈول پروازوں کا 18فیصد بنتی ہیں ۔

سب سے زیادہ مئی 2021میں 538پروازیں منسوخ کی گئیں۔مناسب منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے کارپوریشن کو 19 ارب 37 کروڑ کانقصان ہوا،اس معاملے کی اطلاع نومبر 2022 میں انتظامیہ کو دی گئی،انتظامیہ نے بتایا کہ پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئیں، ڈی اے سی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ دستاویزات آڈٹ کو فراہم کریں۔