حق کی خاطر باطل کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہنا چاہیے، حافظ نعیم

423

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ماہ محرم الحرام حق اور باطل کے درمیان فرق واضح کرتا ہے،امام حسین ؓنے حق کی خاطر اپنی جان قربان کردی اور رہتی دنیا تک یہ درس دیا کہ حق کے خاطر باطل کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہنا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمن نے امام بارگاہ خیر العمل انچولی وامام بارگاہ المحسن فیڈرل بی ایریا بلاک 16کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ہمیں بھی اس واقعے سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور حق کی سربلندی کے لیے باطل کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کرناچاہیئے، امت کااتحادویکجہتی اور بھائی چارہ شر پسند عناصر کے لیے پیغام ہے کہ وہ ہمیں کسی صورت بھی منتشر نہیں کرسکتے، کراچی کی تعمیر و ترقی میں بھرپور اور مثبت اپوزیشن کا کردار اداکریں۔

انہوں نے کہا کہ  قبضہ مئیر کو مجبور کریں گے کہ عوام کے مسائل حل کریں اور شہر میں تعمیر و ترقی کے کام کریں۔

امام بارگاہوں کے ٹرسٹ چیئرمینوں نے حافظ نعیم الرحمن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن ویوسی چیئرمین نے عاشورہ کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے اور بھرپور تعاون کیا خصوصاً حالیہ بارشوں کے بعد علاقے کی صفائی ستھرائی کے انتظامات احسن طریقے سے انجام دیے۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی شہر کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ موجودہ حالات میں بھی کراچی کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔