بات چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی تک جاسکتی ہے، وزیردفاع

318
attitude

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سائفر معاملے پر بات چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی تک جا سکتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر 100 فیصد آرٹیکل چھ لگ سکتا ہے، سائفر سیکرٹ دستاویز ہوتا ہے جسے سیاست کے لیے استعمال کیا گیا۔

وزیر دفاع  نے کہا کہ جیب سے نکال کر سائفر دکھایا پھر کہا گیا گم ہو گیا ہے، اس سے بڑی ملک سے غداری نہیں ہو سکتی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے ذریعے قومی سلامتی کو کمپرومائز کیا گیا، یہ شخص اپنے سیاسی فوائد کے لیے سیکرٹ ڈاکومنٹ کو استعمال کر سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر سائفر گم ہوا تو جیب سے نکال کر کیا دکھایا گیا تھا، اعظم خان کا بیان اہم ہے اور ان کے ساتھی بھی وہی باتیں کر رہے ہیں جو ہم کرتے تھے، جس جوڈیشل افسر کے سامنے اعظم خان نے موقف دیا اس سے پوچھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سابق وزیراعظم کو بیان پر تحفظات ہیں تو عدالت سے کہیں کہ اعظم خان کابیان کیا درست ہے، مجھ پر اقامہ کی وجہ سے آرٹیکل 6 لگا دیا گیا تھا، بشیر میمن نے آرٹیکل 6 نہ لگنے دیا، اقامے پر آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے تو یہ تو سیکرٹ ڈاکومنٹ ہے، اس کیس پر آرٹیکل 6 سو فیصد لگتا ہے۔