ہماری طاقت بحیثیت قوم ہمارے اتفاق و اتحاد میں مضمر ہے، صدر مملکت

344

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کہ ہماری طاقت بحیثیت قوم ہمارے اتفاق و اتحاد میں مضمر ہے۔ یقینا ہم سب مل کر کسی بھی چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل بنا سکتے ہیں۔ ہمیں پاکستان میں موجود تمام افراد کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کیلئے مواقع فراہم کرنے ہیں۔

صدر مملکت نے ہجری سال نو 1445ھ /2023  کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہاہے کہ یکم محرم الحرام سے اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1445ھ کا آغاز ہو رہا ہے۔ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلامی اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت ہو۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی سال نو کا  آغاز دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ سال نو اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے ایمان اور عزم کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔